سانگلہ ہل، ریلوے پھاٹک غربی پر فلائی اوور کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے، میاں کلیم جہانگیر

منگل 2 ستمبر 2025 12:05

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)سیاسی سماجی شخصیت میاں کلیم جہانگیر نے کہا ہے کہ ریلوے پھاٹک غربی اس وقت ایک نہایت ہی مصروف اور اہم مقام بن چکا ہے، یہ پھاٹک انٹرچینج روڈ پر ہے، جہاں سے شہر اور گرد و نواح کے ہزاروں لوگ روزانہ گزرتے ہیں، چونکہ یہاں سے دن رات ٹرینوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے، اس لئے ٹریفک جام ہونا معمول بن چکا ہے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں، ایمبولینسز کا پھنس جانا، طلبہ و طالبات اور ملازمت پیشہ افراد کا لیٹ ہونا روز کا مسئلہ ہے،اس مقام پر فلائی اوور وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نہ صرف ٹریفک کے بہا کو بہتر بنایا جا سکے بلکہ شہریوں کو سکون اور سہولت میسر ہو، فلائی اوور کی تعمیر سے حادثات کے خدشات بھی کم ہوں گے اور عوام کو ٹرینوں کے گزرنے کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا،میاں کلیم جہانگیر نے مقتدر حلقوں اور ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پھاٹک غربی پر فوری طور پر فلائی اوور یا انڈرپاس کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے، یہ صرف ایک ترقیاتی منصوبہ نہیں بلکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور وقت کی بچت کے لئے ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :