سانگلہ ہل، رسول اللہ نے قرآن و سنت کا ایسا نظام پیش کیا جو ہمیشہ قائم رہے گا، شاہد رضا رضوی

منگل 2 ستمبر 2025 12:05

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)ممتاز عالم دین پیر محمد شاہد رضا رضوی آف سرگودھا نے کہا ہے کہ ہم اپنے پیارے نبیؓ کی دنیا میں تشریف آوری پر جشن مناتے ہیں،عشق مصطفیؓ ہمارا اثاثہ اور ہماری بخشش کا ذریعہ ہے، حضور نبی کریمؓ کی محبت کے بغیر ہمارا ایمان نا مکمل ہے جس شخص کو اپنے والدین،بیوی، بچوں، مال و اسباب سے بڑھ کر حضورؓ سے محبت نہیں اس کا ایمان کامل نہیں ہو سکتا، وہ پیر محمد ضیا المصطفی رضوی کی رہائش گاہ پر منعقدہ ماہانہ محفل پاک میں خطاب کر رہے تھے،محفل میں حاجی محمد امین حبیبی،شیخ محمد ندیم احمد رضوی،ڈاکٹر شہباز رضا رضوی،شیخ محمد ہاشم رونقی،حاجی نثار احمد،محمد طلحہ،ملک محمد وقاص،محمد شاہد رضوی،شیخ محمد ابوبکر رونقی سمیت عاشقان مصطفے کی کثیر تعداد نے شرکت کی، پیر محمد شاہد رضا رضوی نے مزید کہا کہ دنیا اور آخرت کی کامیابی کا انحصار اللہ اور اس کے رسول کی تعلیمات پر عمل کرنے پر ہے اور ان سنہری راستوں پر چل کر ہی ہم ایک پرامن، معتدل اور ترقی یافتہ معاشرہ اور ریاست بھی حاصل کر سکتے ہیں،ہمارے اکثر مسائل کی اصل وجہ ان حقیقی تعلیمات سے روگردانی اور اپنے اسلاف کی سیرت و کردار کو نظر انداز کرنا ہے، پیر محمد ضیا المصطفی رضوی نے کہا کہ اللہ تعالی کے آخری نبی انسانیت کیلئے باعث فخر ہیں،جنہوں نے قرآن و سنت کا ایسا نظام پیش کیا جو ہمیشہ قائم رہے گا،افسوس ہم اس نظام کو مکمل طور پر نافذ کرنے میں ناکام رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم محبت کا حق اسی وقت ادا کر سکتے ہیں جب ہم اپنی زندگیاں رسول اللہ کی سیرت کے مطابق گزاریں اور ان کی سنت پر پوری طرح عمل کریں، اسلامی تعلیمات کو صحیح معنوں میں اپنا کر رسول اللہ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :