عشرہ رحمت للعالمینﷺ کی تقریبات، چیئرمین سینیٹ کی قوم کو مبارکباد

منگل 2 ستمبر 2025 21:44

عشرہ رحمت للعالمینﷺ کی تقریبات، چیئرمین سینیٹ کی قوم کو مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عشرہ رحمت للعالمین کی شاندار تقریبات کے انعقاد پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت اور 1500 سالہ سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جانے والا عشرہ، مسلم امہ کے لیے باعثِ رحمت اور روحانی سکون کا پیغام ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور ان کی ولادت کا دن نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام بنی نوع انسان کے لیے امن، محبت، بھائی چارے اور رحمت کا پیغام لاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اس عظیم موقع پر قومی اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور اخوت کے پیغام کو فروغ دینا ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے احترام میں ایوان بالا کے دفاتر اور ان کی سرکاری رہائش گاہ کو خوبصورت انداز میں منور کیا گیا، تاکہ یہ دن پاکستانی مسلمانوں کے لیے روحانی سرور اور ایمان افروز لمحات کا سبب بن سکے۔

انہوں نے عشرہ کے دوران ملک بھر میں منعقد ہونے والی محافل نعت، سیرت النبی ﷺکانفرنسز، درود و سلام کی مجالس اور دیگر روحانی تقریبات کو بھی نہایت قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ اس جذبے اور عقیدت کی حامل قوم یقینی طور پر اللہ کی رحمتوں کی مستحق ہے۔چیئرمین سینیٹ نے قوم پر زور دیا کہ وہ نبی آخر الزماں ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرے اور دنیا کو امن و محبت کا حقیقی پیغام دے۔