موسم سرما میں سموگ کے خدشات کے پیش نظر تمام صنعتی اداروں کو گرین ٹیکنالوجیز کو اپنا نا ہوگا،صدرفیصل آباد چیمبر

منگل 2 ستمبر 2025 14:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) موسم سرما میں سموگ کے خدشات کے پیش نظر تمام صنعتی اداروں کو گرین ٹیکنالوجیز کو اپنا نا ہوگا تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے مضمر اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرریحان نسیم بھراڑہ نے صنعتی شعبہ کے وفدسے ملاقات کے دوران کہاکہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے نئے نئے مسائل پیدا ہو رہے ہیں جن میں سموگ سر فہرست ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں سموگ کی وجہ سے جہاں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں سڑکوں پر کم روشنی کی وجہ سے سفر کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبرصنعتوں کو رضا کارانہ طور پر آلودگی پر قابو پانے کیلئے ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال کی ترغیب دینے میں اپنا کردار ادا کررہا ہے تاہم ٹرانسپورٹ کی جانب بھی خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہوگی جو سموگ میں اضافہ میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست ٹیکنالوجی کی وجہ سے نہ صرف ماحول بہتر ہوگا بلکہ حکومتی اداروں کو ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کی بھی نوبت نہیں آئے گی۔