ریلوے اسٹیشن اوکاڑہ پر بچے کو جنم دینے والی مسافر خاتون کو ریسکیو کرنیوالی لیڈی اہلکار کے لئے خصوصی انعام

منگل 2 ستمبر 2025 23:17

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر (ہلال شجاعت، ستارہ امتیاز)نے ریلوے اسٹیشن اوکاڑہ کے پلیٹفارم پر ہنگامی طور پر ڈلیوری دینے والی خاتون مسافر کو ریسکیو سمیت پردے کا انتظام کرنے والی راے ونڈ ریلویز پولیس کی بہادر کانسٹیبل طاہرہ مسرت کو تعریفی سند کلاس اول اور 25ہزار روپے کیش انعام سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق 31اگست کو حاملہ خاتون ارشاد بی بی اپنے خاوند محمد نثار کے ساتھ ٹرین 2ڈائون خیبر میل میں رائیونڈ سے اوکاڑہ سفر کر رہی تھی اور ریلوے اسٹیشن اوکاڑہ پہنچنے پر خاتون نے اترتے وقت اچانک طبیعت میں شدید خرابی محسوس کی۔ جس دوران رائے ونڈ ریلویز پولیس کی لیڈی کانسٹیبل طاہرہ مسرت نے اطلاع موصول ہوتے ہی ریلوے اسٹیشن اوکاڑہ کے پلیٹ فارم پر تڑپتی ہوئی حاملہ خاتون ارشاد بی بی کے لئے مناسب پردے کا انتظام کرتے ہوئے اس کی ہنگامی ڈلیوری میں خدمت خلق کے تحت ضروری مدد فراہم کی اور مسافر خاتون کو بڑے حادثے سے بچاتے ہوئے ریسکیو کیا۔

(جاری ہے)

لیڈی کانسٹیبل کی بروقت امداد کی بدولت حاملہ خاتون اور اس کے بچے کو ریسکیو کرنے پر آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر نے کانسٹیبل طاہرہ مسرت کو سینٹرل پولیس آفس ریلویز مدعو کیا اور اس کی حوصلہ افزائی کے لئے تعریفی سند کلاس ون اور 25ہزار روپے انعام سے نوازا ۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ مسافروں کی قیمتی جان بچانے والے اہلکار انعام کے مستحق ہیں اور ایسے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا عمل جاری رہے گی۔