ڈینگی سے بچاؤ کے لیے گھروں، گلیوں اور محلوں کو صاف ستھرا رکھیں، پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور بروقت علاج و احتیاطی تدابیر اپنائیں،ڈپٹی کمشنر مری

منگل 2 ستمبر 2025 18:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نےکہا ہے کہ عوام الناس کو صحت سے متعلق بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ڈینگی سے بچاؤ کے لیے گھروں، گلیوں اور محلوں کو صاف ستھرا رکھیں، پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور بروقت علاج و احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ انہوں نے یہ بات یونین کونسل پھگواڑی کے گاؤں نمب، دورانی، دارہ، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول نمب رومال کیوریاں، دختران اسلام اکیڈمی اینڈ کالج نمب اور ملحقہ دیہی علاقوں کے دور ہ کے دوران کہی ، ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی فیلڈ سرگرمیوں کا براہِ راست معائنہ کیا اور انسداد ڈینگی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پرہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے ڈپٹی کمشنر مری کو انسداد ڈینگی مہم اور ڈور ٹو ڈور ایکشن پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات، بروقت آگاہی اور تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ڈپٹی کمشنر مری نے مقامی آبادی سے ملاقات کر کے ان کے تاثرات بھی سنے اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو جانچنے کے بعد ضروری ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ عوامی سہولت اور صحت عامہ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کے ان دوروں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں جا کر براہِ راست صورتحال کا جائزہ لینا عوامی خدمت کے جذبے کی بہترین مثال ہے۔

متعلقہ عنوان :