Live Updates

سیکرٹری زراعت کی زیر صدارت فلڈ ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں بارے جائزہ اجلاس

منگل 2 ستمبر 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت پنجاب کے تحت سیلاب متاثرین کے لئے عملی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ایگریکلچر ہاوس میں منعقدہ سیلاب متاثرین کیلئے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت سیلاب متاثرین کے لئے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں بھرپور عملی کردار ادا کر رہا ہے۔

محکمہ زراعت ضلعی انتظامیہ اور لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ بہترین کوآرڈینیشن کے تحت کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کے جانوروں کے لئے سبز چارے، توڑی، ونڈے اور سائیلج کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

افتخار علی سہو نے کہا کہ پنجاب میں قائم 344 ریلیف سینٹرز پر محکمہ زراعت کا عملہ موجود ہے۔

سیلاب زدہ علاقوں میں میں 188 افسران، 207 انٹرنیز اور 750 فیلڈ اسسٹنٹس و بیلدارریلیف سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب تک سیلاب متاثرین کے جانوروں کو مجموعی طور پر800 من توڑی،560 سائیلج کی گانٹھیں اور13100 جانوروں کو چارہ فراہم کیا جا چکا ہے۔ محکمہ زراعت کے اقدامات سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ایڈمن اعجاز منیر، ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں، چوہدری عبدالحمید، ڈاکٹر عبد القیوم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ پنجاب کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز زراعت توسیع و ڈپٹی ڈائریکٹرز زراعت توسیع بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :