افغانستان میں آنیوالے حالیہ تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ہونیوالے جانی و مالی نقصانات افسوسناک ہیں،حافظ حسین احمد شرودی

منگل 2 ستمبر 2025 19:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی حاجی عبدالصادق نورزئی مولانا شاہ محمد حاجی سید عبدالواحد آغا مولانا محمد ساسولی مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا حفیظ اللہ ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی معاون سیکرٹری اطلاعات مولانا مفتی نیک محمد فاروقی رحیم الدین ایڈووکیٹ نعمت افغان چوہدری محمد عاطف مولانا ضیاء الرحمن فاروقی اللہ دوست ایڈوکیٹ ٹکری محمد جان لانگو ودیگر نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ افغانستان میں آنے والے حالیہ تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر گہرا دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

اس قدرتی آفت میں ہمارے برادر اسلامی ملک کے عوام کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے ہمدردیاں اور دعائیں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس المناک واقعے میں اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔

ہم اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ وہ شہداء کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کو جلد اور مکمل شفاء عطا فرمائے اور متاثرہ خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا کرے انہوں نے کہا کہ جمیعت علماء اسلام کوئٹہ کے کارکنان اور ہمدرد اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ انسانیت کی خدمت ہر مشکل میں ہمارا اولین فریضہ ہے۔ ہم بین الاقوامی برادری اور پاکستانی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ افغانستان کے زلزلہ متاثرین کی فوری امداد کے لیے ہر ممکن کوشش کریں اس مشکل وقت میں خوراک، پانی، طبی امداد اور رہائش کی فوری فراہمی انتہائی ضروری ہے ہم اپنے کارکنان اور عوام سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس مصیبت کی گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کی مدد کے لیے دل کھول کر عطیات دیں اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ہمارا اتحاد اور تعاون ہی اس آفت کا مقابلہ کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔