میر ضیاءاللہ لانگو کی شاہوانی سٹیڈیم کوئٹہ کے قریب بی این پی کے جلسے پر ہونے والے دھماکے کی مذمت

بدھ 3 ستمبر 2025 13:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی نائب صدر و سابق وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے کوئٹہ کے شاہوانی سٹیڈیم کے قریب بی این پی کے جلسے پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، دہشتگرد صوبے میں خوف و ہراس پھیلانے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں لیکن بلوچستان کے عوام اپنے حوصلے اور یکجہتی سے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ شاہوانی سٹیڈیم کے قریب بی این پی کے جلسے پر دھماکے میں قیمتی جانوں کا ضیاع قومی سانحہ ہے ،شہدا کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ،ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد وں کا کوئی مذہب نہیں ان کا واحد مقصد انسانی جانوں سے کھیل کر افراتفری پھیلانا اوربلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بسنے والے ہر طبقہ فکر کے لوگ امن کے قیام اور صوبے کی ترقی کے لئے پرعزم ہیں ۔

متعلقہ عنوان :