دہشت گردوں کو کسی صورت بلوچستان کے امن کو سبوتاڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان

بدھ 3 ستمبر 2025 20:44

دہشت گردوں کو کسی صورت بلوچستان کے امن کو سبوتاڑ کرنے کی اجازت نہیں ..
ٴْکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس بدھ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور آئی جی پولیس سعید وزیر نے شاہوانی اسٹیڈیم میں گزشتہ شب ہونے والے دھماکے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بحالی امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ گزشتہ شب پیش آنے والے واقعہ سے متعلق عوام اور میڈیا کو حکومتی اقدامات اور حقائق سے آگاہ کیا جائے تاکہ افواہوں کی حوصلہ شکنی ہو اور حقائق پر مبنی صورت حال عوام کے سامنے آئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور انہیں ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت بلوچستان کے امن کو سبوتاڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سانحہ کے شہدائکے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاررہی ہیں انہوں نے حکم دیا کہ شدید زخمیوں کو ضرورت پڑنے پر حکومت بلوچستان کی فضائی سروسز کے ذریعے کراچی منتقل کیا جائے تاکہ انہیں مزید بہتر علاج فراہم ہو سکے اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ تھریٹس الرٹ کے پیش نظر سیاسی جماعتوں اور عوام کو حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا ہوگا یہ وقت اتحاد اور یکجہتی کا ہے تاکہ شرپسند عناصر اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے 12 ربیع الاول کے پروگرامز کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام جلوسوں اور اجتماعات کے دوران حکومت اور اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ مذہبی اجتماعات کو پرامن اور بہتر انداز میں یقینی بنایا جا سکے اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، قائمقام آئی جی پولیس بلوچستان سعید وزیر، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب کاکڑ، ڈی جی لیویز عبدالغفار مگسی سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔