شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، سی ٹی او لاہور

بدھ 3 ستمبر 2025 18:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) لاہور میں سٹی ٹریفک آفیسر ڈاکٹر اطہر وحید نےمغل پورہ میں نئے ٹریفک کنٹرول روم اور ڈی آئی جی ٹیلی اینڈ ٹرانسپورٹ عمران احمر نے نئے بننے والے سول لائن کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق تقریب میں ایس ایس پی ٹیلی اختر فاروق ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز منصورالحسن اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ لاہور شہر میں ٹریفک کے 6 کنٹرول رومز جدید طرز پر کام کر رہے ہیں جہاں ٹیلی کمیونیکیش کے تربیت یافتہ عملہ کی موجودگی میں ٹریفک کے تمام کنٹرول رومز 24 گھنٹے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ نئے کنٹرول رومز کے قیام سے ٹریفک کے بہائو کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ڈی آئی جی ٹیلی نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کے حکم کے مطابق پنجاب پولیس کے ٹیلی کمیونیکیشن نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، شہریوں کی سہولت کے پیش نظر نئے ٹریفک کنٹرول رومز کا قیام خوش آئند ہے۔تقریب کے اختتام پر سی ٹی او لاہور اور ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن نے بہترین کارکردگی والے عملہ کو تعریفی اسناد اور نقد انعام بھی دیا۔