زبان و ادب کے فروغ کے لیے بلوچستان اکیڈمی تربت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

بدھ 3 ستمبر 2025 19:55

+تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 ستمبر2025ء) رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ زبان و ادب کے فروغ کے لیے بلوچستان اکیڈمی تربت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اکیڈمی کی سالانہ گرانٹ سابقہ حیثیت پر بحال کرائی جائے گی اور بلڈنگ میں توسیع کے لیے جدید طرز کا آڈیٹوریم تعمیر کیا جائے گا، جس کے لیے ماہر آرکیٹیکٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی یہ بات انہوں نے بلوچستان اکیڈمی تربت کی نومنتخب کابینہ سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ھوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں صدر ڈاکٹر غفور شاد، جنرل سیکرٹری مقبول ناصر، پریس سیکرٹری اصغر محرم، ایگزیکٹو ممبر عابد علیم اور نعیم عادل شامل تھے رکن صوبائی اسمبلی نے کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچی ادب کی ترویج و اشاعت میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اکیڈمی کے عہدیداران نے نئی بلڈنگ کی تعمیر پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گرانٹ میں کٹوتی سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اکیڈمی، پریس کلب اور کلچرل سینٹر کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم ہو سکیں۔