12 ربیع الاول کے جلوس کے موقع پرتمام صفائی ورکرز کی چھٹیاں منسوخ ، اضافی تعداد میں نفری کی دوشفٹوں میں ڈیوٹیاں لگا دی گئیں

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے 12 ربیع الاول کے جلوس کے موقع پرڈویژن بھر میں جلوسوں کے روٹس اور محافل کے مقامات کی صفائی ستھرائی کیلئے تمام صفائی ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے اضافی تعداد میں نفری کی دوشفٹوں میں ڈیوٹیاں لگا دی ہیں تاکہ جلوس سے قبل تمام شہروں،دیہات اور جلوسوں کے روٹس کو مکمل طور پر زیرو ویسٹ کیا جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے تمام چھ اضلاع کی 22 تحصیلوں میں عید میلاد النبی ؐ کے مرکزی جلوسوں اور محافل کے موقع پر مکمل صفائی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔گزشتہ روزجشن عیدمیلادالنبیؐ کے 12ربیع الاول کے جلوسوں کے موقع پر روٹس اور شہروں کی صفائی پلان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سی ای اوراولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا کہ جلوس سے قبل اور بعد میں ہر علاقے میں روٹس کی مکینیکل سویپنگ اور واشنگ،مینوئل سویپنگ کر کے زیرو ویسٹ کر دیں گے۔

(جاری ہے)

جلوس سے قبل روٹ پرعرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا اور صفائی ورکرز جلوس کے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے راستوں کی صفائی کو یقینی بنائیں گے،جلوس کے اختتام پر تمام روٹس اور شہر کو زیرو ویسٹ کر دیا جائے گا۔رانا ساجد صفدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا،ہمارے ورکرز ریلیف کیمپس میں موجود رہیں گے اور مرکزی کنٹرول روم سے ہر شہر میں صفائی کی نگرانی کی جائے گی۔

ہیلپ لائن نمبرز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس فعال رہیں گے تاکہ کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ کیا جا سکے،ہم سب مل کر نہ صرف جلوس کی رونق بڑھائیں گے بلکہ صفائی اور صحت کے اعلیٰ معیار کو بھی یقینی بنائیں گے۔اس موقع پر تمام تحصیلوں کے افسران اور مقامی عملہ بھی صفائی آپریشن میں شریک ہوں گے تاکہ عوام کو ایک صاف، منظم اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی کے اقدامات میں تعاون کریں اور جلوس کے دوران کسی بھی کچرے کو مقررہ مقامات پر ہی پھینکیں تاکہ پورا شہر اور جلوس کے روٹس صاف ستھرے رہیں۔