ایس ای سی پی کا فور ڈی گروپ آف کمپنیز کی جانب سے پیش کردہ غیر قانونی سرمایہ کاری سکیموں کے خلاف عوام کو انتباہ

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) ایس ای سی پی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ فور ڈی گروپ آف کمپنیز اور اس کے مالک محمد آصف، مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک غیر قانونی سرمایہ کاری اور ڈپازٹ سکیم کو جارحانہ انداز میں فروغ دے رہے ہیں۔ اس سکیم میں عوام کو ماہانہ 8 سے 12 فیصد منافع دینے کا وعدہ کیا جا رہا ہے۔ایس ای سی پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کہ فور ڈی گروپ آف کمپنیز نہ تو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہے اور نہ ہی شامل ہے۔

مزید یہ کہ اسے عوام سے ڈپازٹ لینے یا کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری سکیم پیش کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ فور ڈی گروپ آف کمپنیز کی سرمایہ کاری اور ڈپازٹ لینے کی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں اور عوام کے لیے بڑے مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی عوام کو سختی سے مشورہ دیتا ہے کہ وہ فور ڈی گروپ آف کمپنیز یا کسی بھی ایسے غیر رجسٹرڈ پلیٹ فارم میں، اس کی شکل یا طریقہ کار کچھ بھی ہو، سرمایہ کاری یا رقوم جمع نہ کروائیں۔

یہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے متعلقہ تحقیقاتی اداروں کو بھیج دیا گیا ہے تاکہ ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔عوام کو یہ بھی یاد دلایا جاتا ہے کہ کسی کمپنی کا "سرٹیفیکیٹ آف انکارپوریشن" صرف اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہے۔ یہ کمپنی کو عوام سے ڈپازٹ لینے یا سرمایہ کاری سکیمیں شروع کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

ایس ای سی پی عوام پر زور دیتا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور کسی بھی سرمایہ کاری کے موقع کی قانونی حیثیت ایس ای سی پی کے سرکاری ذرائع سے ضرور تصدیق کریں۔عوام کے تحفظ اور غیر مجاز سرمایہ کاری سکیموں کی روک تھام ایس ای سی پی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ایس ای سی پی مسلسل نگرانی کرتا ہے اور ایسی سرگرمیاں سامنے آنے پر مناسب کارروائی کرتا ہے۔عوام سرمایہ کاری سکیموں کی شکایت ایس ای سی پی کو دے سکتے ہیں۔ اس کے لیے وہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (https://xs.secp.gov.pk)، ای میل ([email protected])، یا ٹول فری ہیلپ لائن 0800-88008 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔