Live Updates

مون سون بارشوں کے 10 ویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری ، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی

جمعہ 5 ستمبر 2025 11:00

مون سون بارشوں کے 10 ویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری ،  پنجاب کے بیشتر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے 10 ویں اسپیل کے حوالے سے صوبہ بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 سے 9 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔بارشوں کا امکان راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ سمیت نارووال، حافظ آباد، منڈی بہائوالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 7 سے 9 ستمبر کے دوران ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پہلے ہی سیلابی صورتحال درپیش ہے، جبکہ بڑے شہروں میں ندی نالوں کے بپھرنے کا امکان موجود ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ صوبے کے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکمے بشمول محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریائوں کے کناروں پر جمع ہونے یا سیر و تفریح سے گریز کریں، جبکہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر نہ کریں ایمرجنسی کی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات