ملتان میں بارش کا سلسلہ، نکاسی آب کیلئے واسا کا عملہ متحرک

اتوار 7 ستمبر 2025 15:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) ملتان میں اتوار کے روز بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ ایم ڈی واسا خالد رضا خان کی خصوصی ہدایت پر تمام سیوریج اور ڈسپوزل سٹیشنز ڈویژنوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا نے سیوریج افسران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور کسی بھی مقام پر پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سب ڈویژن کی سطح پر تمام سٹاف اور مشینری سڑکوں پر موجود رہیں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مزید برآں تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کے کلیکٹنگ ٹینکس اور انڈر پاسز کی جی پی ایس تصاویر بھی طلب کر لی گئی ہیں، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپس سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کا حکم دیا گیا ہے۔ خالد رضا خان نے کہا کہ بارش کے پانی کی مکمل نکاسی تک فیلڈ میں عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :