صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن نے سنٹرل اورکزئی میںگورنمنٹ ڈگری کالج ناکہ میلہ کا افتتاح کردیا

اتوار 7 ستمبر 2025 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن مینا خان آفریدی نے قبائلی ضلع اورکزئی میں178.5 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ گورنمنٹ ڈگری کالج ناکہ میلہ کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین ڈیڈاک اورکزئی و رکن صوبائی اسمبلی اورنگزیب اورکزئی، ضلعی انتظامیہ، مقامی عمائدین، طلبہ اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کالج کے قیام سے علاقے کے طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم کے مواقع اپنے گھر کی دہلیز پر میسر آئیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کالج کی تمام آسامیاں جلد پر کی جائیں گی اور جدید سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ طلبہ ایک سازگار اور معیاری تعلیمی ماحول میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں، صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ10 سالہ دورِ حکومت میں 15 نئی یونیورسٹیاں اور 119 کالجز قائم کئے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 50 کالجز پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلیمی ادارے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کی ضمانت ہیں۔اپنی تقریر میں وزیر موصوف نے مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ''ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے، ہم عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔

اگر کسی کو شک ہے تو وہ مناظرے کیلئے سامنے آئی''۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی تعلیمی خدمات پر ایک تفصیلی ویڈیو جلد عوام کے ساتھ شیئر کی جائے گی تاکہ ترقیاتی اقدامات کو حقائق کی روشنی میں پیش کیا جا سکے۔مینا خان افریدی نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتی ہے اور ہر ممکن وسائل اس مقصد کے لیے بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ صوبے کے ہر طالب علم کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو سکے۔قبل ازیں ایم پی اے اورنگزیب اورکزئی نے صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اورکزئی آمد اور ڈگری کالج کا افتتاح کرنے پر ان کا شکریہ اداکیا۔انہوں اس موقع پر علاقے کی ترقی کیلئے کئے گئے کاموں کا تفصیلی ذکرکیا۔