یومِ دفاع پاکستان قوم کے عزم و حوصلے اور مسلح افواج کی جرأت و بہادری کی علامت ہے، سفیر رضوان سعید شیخ

پیر 8 ستمبر 2025 16:06

یومِ دفاع پاکستان قوم کے عزم و حوصلے اور مسلح افواج کی جرأت و بہادری ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے یومِ دفاع پاکستان کی اہمیت اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘ کی پائیدار روح کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن جنوبی ایشیائی قوم کے عزم، استقلال اور مسلح افواج کی شجاعت کی علامت ہے۔ یہ بات انہوں نے امریکی شہر شکاگو میں پاکستانی قونصل جنرل طارق کریم کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیات اور منتخب عوامی نمائندوں سمیت امریکی کانگریس رکن جوناتھن جیکسن اور شکاگو کی سٹی ٹریژرر میلیسا کونئیرز اروِن نے شرکت کی۔ سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان کے اہم قومی پہلوؤں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی جن میں اس کا سٹریٹجک محلِ وقوع، قدرتی و انسانی وسائل کی فراوانی، نوجوانوں کی بڑی تعداد اور تیزی سے ترقی کرتا ہوا ٹیکنالوجی کا شعبہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور امریکا کے باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں بالخصوص معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کی اہمیت اور امکانات کو اجاگر کیا۔ رضوان سعید شیخ نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے کردار کو دونوں ممالک کے درمیان پل قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور اُنہیں پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی ترغیب دی۔

انہوں نے قونصل جنرل طارق کریم کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔اس سے قبل قونصل جنرل طارق کریم نے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا خیرمقدم کرتے ہوئے قونصل خانے کی ترجیحات اور حالیہ کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے امریکا کے مڈ ویسٹ خطے میں پاکستان کے ساتھ بڑھتے تجارتی، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو اجاگر کیا۔ایک اور تقریب میں پاکستانی امریکن شکاگو چیمبر آف کامرس (پی اے سی سی سی ) نے سفیر رضوان شیخ کے اعزاز میں بزنس راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد کیا جس میں ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی، توانائی، صحت اور وینچر کیپیٹل کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد کاروباری شخصیات اور صنعتکاروں نے شرکت کی ۔

سفیر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، انہوں نے دو طرفہ تجارت کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول کو پرکشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مسابقتی مراعات، تربیت یافتہ نوجوان افرادی قوت اور وسعت پذیر انفراسٹرکچر موجود ہے، ساتھ ہی پاکستان کا سٹریٹجک محلِ وقوع بھی اسے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان ایک قدرتی تجارتی مرکز بناتا ہے۔

سفیر نے ’’سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل ( ایس آئی ایف سی )‘‘ کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جو بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے ایک سنگل ونڈو سہولت فراہم کرتی ہے اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضامن ہے۔انہوں نے امریکی کاروباری افراد کو آئی ٹی، تجارت، زراعت، توانائی، صحت، معدنیات اور کان کنی جیسے ابھرتے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

سفیر اس بات پر ر زور دیا کہ واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ اور شکاگو میں قونصل خانہ پاکستان کو امریکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کے لئے ایک قابلِ اعتماد اور دیرپا شراکت دار کے طور پر پیش کرنے کی معاشی سفارتکاری کے لئے پرعزم ہیں۔ پی اے سی سی سی کے رہنماؤں نوید انور اور ڈاکٹر طارق بٹ نے چیمبر کے وژن اور مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اپریل 2025 میں تنظیم کے قیام کے بعد سے وہ قونصل جنرل کے ساتھ مل کر معاشی تعاون اور شخصیات کی قیادت میں کاروباری مواقع کو فروغ دے رہے ہیں۔

شرکا نے امریکی منڈیوں تک رسائی بڑھانے، پاکستانی صنعتوں کے ساتھ ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے طریقوں پربات کی۔اس موقع پر قونصل جنرل طارق کریم نے شرکت کی اور پی اے سی سی سی کی قیادت کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے امریکا کے مڈ ویسٹ خطے میں پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری میں تیزی سے بڑھتے ہوئے روابط کا ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قونصل خانہ امریکا کے مڈویسٹ میں تجارتی روابط کو وسعت دینے، پاکستانی کاروباری شخصیات کی رہنمائی کرنے اور پاکستان میں مستند شراکت داروں سے رابطے قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔