لیبیا میں 4 اسپرم وہیلز پراسرار طور پر ہلاک ، حکام حرکت میں آ گئے

پیر 8 ستمبر 2025 08:50

طرابلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) لیبیا کے مشرقی شہر اجدابیا کے ساحل پر ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جب سمندری لہروں نے 4 مردہ اسپرم وہیلز کو کنارے پر لا پھینکا۔العربی کے مطا بق بحری وسائل کی وزارت نے بتایا کہ "امرِیر قابس" کے علاقے میں یہ وہیل مچھلیاں مردہ حالت میں موجود ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی جس میں سکیورٹی ادارے اور بحری حیاتیات کے ماہرین شامل تھے۔

ٹیم نے ان وہیلز کے نمونے حاصل کر کے ان کے اچانک ساحل پر آ جانے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ وہیلز ساحل پر یونہی چھوڑ دی جائیں تو وہ ماحولیات اور صحت عامہ کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، کیونکہ ان سے پانی آلودہ ہونے، نقصان دہ گیسوں کے اخراج اور بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے ہنگامی ٹیموں نے ساحلی محافظوں اور 166 بریگیڈ کی نگرانی میں ان کو دفنانے کا عمل مکمل کیا۔

وزارت نے شہریوں اور سمندر کے قریب جانے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس علاقے سے دور رہیں اور ماہر ٹیموں کو اپنا کام کرنے دیں، کیونکہ ایسے واقعات براہِ راست سمندری ماحول پر اثر انداز ہوتے ہیں اور ان کی باریک بینی سے نگرانی ضروری ہے۔ واضح رہے اسپرم وہیل دنیا کی سب سے بڑی دانتوں والی وہیل ہے۔ بالغ نر کی لمبائی 20 میٹر اور وزن 50 ٹن سے زیادہ ہو سکتا ہے۔ یہ تقریباً دنیا کے تمام سمندروں میں پائی جاتی ہے اور ایک ہزار میٹر سے زیادہ گہرائی میں غوطہ لگا کر اپنا پسندیدہ شکار، دیوقامت اسکویڈ تلاش کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :