جاپان کا جولائی میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس 18 ارب ڈالرتک جاپہنچا

غیر ملکی سیاحوں کا خرچ اب بھی جاپانیوں کے بیرون ملک خرچ سے زیادہ ہے،رپورٹ

پیر 8 ستمبر 2025 14:09

جاپان کا جولائی میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس 18 ارب ڈالرتک جاپہنچا
ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)جاپان نے جولائی میں 18.1 ارب ڈالر( 2.68 ٹریلین ین)کا کرنٹ اکائونٹ سرپلس ریکارڈ کیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارت خزانہ نے پیر کو جاری اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایاکہ کرنٹ اکانٹ بیلنس، جو بین الاقوامی تجارت کا وسیع پیمانہ سمجھا جاتا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں 19.1 فیصد کم رہا۔اشیا کی تجارت میں جاپان کو 189.4 ارب ین کا خسارہ ہوا جب کہ برآمدات 4.9 فیصد کمی کے ساتھ 9.01 ٹریلین ین تک سکڑ گئیں۔

(جاری ہے)

وزارت کے مطابق پرائمری انکم سرپلس، جو جاپان کی بیرونِ ملک سرمایہ کاری سے حاصل آمدنی کو ظاہر کرتا ہے، 4.07 ٹریلین ین رہا۔سروسز ٹریڈ کا خسارہ بڑھ کر 695.6 ارب ین ہوگیا جو گزشتہ سال 581.4 ارب ین تھا جب کہ ٹریول سرپلس معمولی کمی کے ساتھ 529.8 ارب ین رہا جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جاپان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کا خرچ اب بھی جاپانیوں کے بیرون ملک خرچ سے زیادہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جاپان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں سال بہ سال 4.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 3.44 ملین تک پہنچ گئی جبکہ بیرون ملک سفر کرنے والے جاپانی شہریوں کی تعداد 14.9 فیصد اضافے کے ساتھ 1.21 ملین رہی۔

متعلقہ عنوان :