فیصل آباد ،کاشتکاروں کو بارانی علاقوں میں سبز چارے کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 8 ستمبر 2025 12:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کے ڈویژنل ڈائریکٹر ڈاکٹرندیم بدر نے کاشتکاروں کو بارانی علاقوں میں سبز چارے کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مویشیوں کی بہتر نشوونما کے لئے پوراسال سبز چارے کی فراہمی اشد ضروری ہے اور سبز چارے کے بغیر متوازن غذا کاتصور ممکن نہیں لہٰذا کاشتکار بارانی علاقوں میں سبز چارے کی زیادہ سے زیاد ہ کاشت یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں لائیو سٹاک کاحصہ 53 اور زرعی اجناس کا 47 فیصد ہے جس کے باعث موسم سرما میں اکثر سبز چارے کی قلت پیداہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پنجاب کے بارانی علاقوں میں ایک حصہ میدانی خطے پر مشتمل ہے جہاں نہری نظام موجود نہیں تاہم دوسرا خطہ پوٹھوہار پر مبنی ہے جہاں سطح مرتفع کامخصوص موسم اورمختلف اقسام کے زمینی حالات ہیں نیز میدانی خطہ میں زمین ہموار اور زیر زمین پانی آبپاشی کے لئے میسر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں زیر زمین پانی کم گہرائی پر موجود ہے جس کے باعث موسم خریف میں کاشتکارجوار، باجرہ، مکئی، سدا بہار، ماٹ گراس، رواں، گوارہ اور مخلوط چارے زیادہ سے زیادہ رقبہ پرکاشت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پوٹھوہار کے علاقوں میں موسم خریف میں جوار، باجرہ اور گوارہ کاشت کیاجاسکتاہے۔انہوں نے مزید بتایاکہ اگر کاشتکار زرعی ماہرین کی ہدایات پر عمل کریں تو نہ صرف چارے کی قلت ختم کی جا سکتی ہے بلکہ بہتر منافع کے حصول سمیت مویشیوں میں گوشت و دودھ کی پیداوار میں بھی خاطرخواہ اضافہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :