لاہور ہائیکورٹ، ایل ایم سی کی دو کنال اراضی کی نیلامی کالعدم قرار دینے کے خلاف درخواست پر جواب داخل کرانے کی مہلت

پیر 8 ستمبر 2025 16:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی دو کنال اراضی کی نیلامی کالعدم قرار دینے کے خلاف درخواست پرایم سی ایل کے لیگل ایڈوائزر کو جواب جمع کروانے کےلئے 30 ستمبر تک مہلت دے دی۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے شہری محمد ادریس کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

اچھرہ کے علاقے میں واقع زمین کی نیلامی کالعدم قرار دینے کے معاملے پر دوران سماعت ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسٰی رضا عدالت کے روبرو اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب محْمد عثمان خان کے ہمراہ پیش ہوئے۔

ایم سی ایل کے لیگل ایڈوائزر میاں افتخار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل ذوالفقار احمد اور دیگر افسران بھی عدالت میں موجود تھے۔سماعت کے دوران عدالت نے ایل ایم سی کے لیگل ایڈوائزر کو موقف جمع کروانے کے لیے 30 ستمبر تک مہلت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے آپ آئندہ سماعت تک جواب فائل کریں۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنی بھی دے دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔