Live Updates

محکمہ زراعت کی سیلاب زدہ علاقوں کے دھان کے کاشتکاروں کیلئے اہم ہدایات جاری

پیر 8 ستمبر 2025 17:02

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت پلانٹ پروٹیکشن نے سیلاب زدہ علاقوں کے دھان کے کاشتکاروں کو تنے کی سنڈی سے بچاؤ کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت پلانٹ پروٹیکشن پسرورشعیب رسول نے کہا ہے کہ حالیہ سیلابی صورتحال کے بعد جن علاقوں سے پانی کا گزر ہوا ہے وہاں دھان کی فصل میں تنے کی سنڈی کا کم سے درمیانے درجے کا حملہ مشاہدے میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جن کھیتوں میں پانی کا بہاؤ ختم ہو چکا ہے وہاں کاشتکار فوری طور پر دانے دار زہر مونومی ہائیپو، کارٹیپ ہائیڈروکلورائیڈ یاکلورینٹرانیلی پیرول کا استعمال کریں جبکہ ایسے کھیت جہاں پانی کا بہاؤ ابھی جاری ہے وہاں کاشتکار موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بائفینتھرین + فیپرونل یا آئسوسائیکلوسیرام جیسی زہروں کا اسپرے کریں تاکہ فصل کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔محکمہ زراعت نے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ ان ہدایات پر فوری عمل کریں اور اپنی فصلوں کو بہتر پیداوار کے لیے محفوظ بنائیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات