کسانوں کو فصل کی کاشت کے لیے مکمل رہنمائی کی ضرورت ہے،ڈاکٹر سجاد حیدر

منگل 9 ستمبر 2025 15:33

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع)پسرور ڈاکٹر سجاد حیدر نے کہا ہے کہ رواں ماہ کے دوران گاجر اور چقندر کی کاشت جاری ہے جو سردیوں میں کھانے اور سلاد کے طور پر استعمال ہوتی ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ کسی بھی فصل کی کاشت کے لیے کسانوں کو زمین کی تیاری، بیج بوائی، کھاد، پانی اور بیماریوں کے تدارک کے حوالے سے مکمل رہنمائی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زمین کی تیاری میں کھیت میں اچھی طرح ہل چلائیں تاکہ زمین نرم اور یکساں ہو جائے۔مٹی میں نامیاتی کھاد یا گوبر شامل کریں تاکہ غذائیت کی کمی نہ ہو۔زمین کی سطح ہموار کر کے کیاریوں و نالیوں کا نظام درست کریں تاکہ پانی مناسب طریقے سے بہہ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گاجر کا بیج لگاتے وقت ہر لائن کے درمیان25و30 سینٹی میٹر کا فاصلہ رکھیں۔

بیج کی مقدار تقریباً 5،4 کلوگرام فی ایکڑ رکھیں ۔چقندر کا بیج نالیوں میں بوئیں اور لائنوں کے درمیان تقریباً30سے 35 سینٹی میٹر کا فاصلہ رکھیں، بیج کی مقدار6سے 7کلوگرام فی ایکڑ اور گہرائی تقریبا1سے 2میٹر رکھیں تاکہ پانی آسانی سے پہنچ سکے اوراگر بارش کم ہو تو ہفتے بعد ہلکی آبپاشی کریں تاکہ بیج جم جائے اور پودے صحت مند بڑھیں۔نائٹروجن، فاسفورس کے ساتھ پوٹاشیم بھی ضروری ہے تاکہ شکر کی مقدار بڑھ سکے۔کھاد زمین میں اچھی طرح ملائیں تاکہ غذائی اجزا یکساں طور پر پودوں تک پہنچ سکے ،کیمیائی یا نامیاتی کیڑے مار ادویات وقت پر استعمال کریں اوربیماری کی صورت میں فنگسائڈ چھڑکیں اور پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔

متعلقہ عنوان :