بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، عبدالخالق اچکزئی

منگل 9 ستمبر 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر)عبدالخالق خان اچکزئی سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک اور سابق سینیٹر کبیر محمد شہی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور عوامی مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل جل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا کہ ایوان عوام کی آواز ہے اور یہاں ہونے والی قانون سازی و فیصلے عوامی امنگوں کے مطابق ہونے چاہئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملاقات میں تعلیم، صحت، روزگار اور امن و امان جیسے اہم امور پر بھی بات چیت کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح بنایا جائے گا۔