محکمہ زراعت کی ملتان میں کارروائی، 9 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جعلی ادویات برآمد، ملزم گرفتار

بدھ 10 ستمبر 2025 17:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت ملتان نے 117.2 لیٹر اور 159 کلوگرام غیر قانونی زرعی ادویات ضبط کر کے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے ۔ 9,15,200 روپے مالیت کی غیرقانونی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کےخلاف کارروائی پیسٹی سائیڈ انسپکٹر ڈاکٹر عبدالرؤف نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ کاٹن زون الیاس رضا کلاچی کی نگرانی میں کی۔

(جاری ہے)

یہ آپریشن غیر قانونی زرعی زہروں کی تقسیم کے زمرے میں آتا ہے اور اس پر سیکشن 21-A اور 23(a) کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ملزم کے خلاف تھانہ مظفرآباد ملتان میں ایف آئی آر درج کردی گئی ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کسانوں کے مفاد اور زرعی پیداوار کے تحفظ کے لیے جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اس دھندے میں ملوث عناصر سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی ہدایت پر جعلی زرعی ادویات کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔