گورنمنٹ باچا خان گرلز ڈگری کالج پشاور کی طالبہ کا نمایاں اعزاز، شاندار کامیابی پر انعام چیک پیش کیا گیا

بدھ 10 ستمبر 2025 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) گورنمنٹ باچا خان گرلز ڈگری کالج پشاور کی ہونہار طالبہ ملائکہ احمد دختر شبیر احمد نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے پوزیشن ہولڈر رہیں۔ اسی کامیابی کے اعتراف میں ملائکہ احمد کو حکومتِ خیبرپختونخوا کی جانب سے ’’ستوری دا پختونخوا اسکالرشپ‘‘ سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے ایک پروقار تقریب کے دوران انہیں انعامی چیک پیش کیا۔اپنی کامیابی پر تاثرات پیش کرتے ہوئے طالبہ ملائکہ نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی انتھک محنت اور لگن کا نتیجہ ہےجو میرے بہترین اساتذہ کی رہنمائی کا بھی عملی ثبوت ہے۔اس موقع پر کالج کی پرنسپل محترمہ زوبیہ قمر نے کہا کہ ہماری طالبات کی کامیابیاں ادارے کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور مسلسل محنت کی عکاس ہیں۔ ملائکہ احمد جیسے ہونہار طلبہ ہماری پہچان ہیں اور ہم ان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ مستقبل میں مزید نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گی۔