Live Updates

اسمبلی رولز میں ترامیم تاریخی سنگِ میل ہیں، مضبوط ادارے ہی مضبوط قوم کی بنیاد ہیں،علی امین

اسمبلی کا اصل مقصد قانون سازی ہے، ،اکثر ایوان میں مسائل کے حل کے بجائے غیر ضروری تنقید پر وقت ضائع ہوتا ہے اگر ہم غلامی سے نکل کر حقیقی آزادی کا فیصلہ کرلیں تو تمام مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوسکتی ہے،،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 10 ستمبر 2025 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ آج صوبائی اسمبلی کی تاریخ کا اہم دن ہے، جب 37 برس بعد اسمبلی رولز آف بزنس میں ترامیم کی گئیں۔ ان اصلاحات سے اسمبلی کی کارروائی بہتر ہوگی جس کا براہِ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔ وہ بدھ کے روز اسمبلی قواعد و ضوابط کی توثیقی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق اداروں میں اصلاحات ہمارا نصب العین ہے کیونکہ مضبوط ادارے ہی مضبوط ملک اور قوم کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کا اصل مقصد قانون سازی ہے، لیکن اکثر ایوان میں مسائل کے حل کے بجائے غیر ضروری تنقید پر وقت ضائع ہوتا ہے۔ ‘‘ہم سب دو جہانوں میں جوابدہ ہیں، اسلئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانی ہوں گی تاکہ عوامی مسائل حل ہوں اور ہمارا نام اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے۔

(جاری ہے)

’’علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر تمام اداروں میں اسی طرح کے مؤثر قواعد موجود ہوتے تو آج ملک کے بیشتر مسائل حل ہوچکے ہوتے۔ بدقسمتی سے ہم اپنی ذمہ داریاں پورے طریقے سے ادا نہیں کرسکے، جس کے باعث ملک پر اسی ہزار ارب روپے سے زائد کا قرضہ اور آٹھ ہزار ارب سود چڑھ چکا ہے۔ قرض دار قوم کبھی خودمختار نہیں ہوسکتی۔ اگر ہم غلامی سے نکل کر حقیقی آزادی کا فیصلہ کرلیں تو تمام مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوانین تو بنائے جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔ ‘‘اگر نئے رولز پر عمل کیا گیا تو ہمارے بیشتر مسائل حل ہوجائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات