صوابی ،پولیس کی کارروائی ،خواجہ سرائوں کی محفل موسیقی کیلئے آنے والے شراب کے نشے میں مست ملزمان گرفتار

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:11

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)صوابی کی پولیس تھانہ پرمولی کی حدود میں پولیس کی کارروائی کے دوران خواجہ سراں کی محفلِ موسیقی کے لیے آنے والے شراب کے نشے میں مست ملزمان حوالات کے مہمان بن گئے، کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے شراب کی بوتلیں اور اسلحہ برآمد کر لی ، ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈی ایس پی سرکل رزڑ شکیل خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ پرمولی جناب علی خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ دورانِ سنیپ چیکنگ رات کی تاریکی میں خواجہ سراں کی محفلِ موسیقی کے لیے آنے والے 8 ملزمان کو نشے کی حالت میں گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں ارسلان، عادل، اسد، عطا الرحمن، کاظم (ساکنان نوتھیہ جدید پشاور)، مجاہد، سکندر (ساکنان یارحسین)اور یحییٰ (ساکن ترلاندی)شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران اسلحہ، شراب اور زیرِ استعمال موٹر کار برآمد کر کے قبضہ پولیس میں لے لی گئی۔ گرفتار ملزمان مختلف ضلع اور تحصیلوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ملزم اسد کے قبضے سے ایک عدد پستول 30 بور بمعہ کارتوس جبکہ ملزمان ارسلان احمد اور عادل کے قبضے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں ،ڈی پی او صوابی ضیا الدین احمد نے اس موقع پر کہا کہ پولیس قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔ معاشرتی اقدار کو مجروح کرنے والے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔