پختون سرزمین کو دوبارہ خون میں نہلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، میاں افتخار حسین

جعفر خان کا قتل امن دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ،دہشت گردی کے ذریعے عوامی نیشنل پارٹی کو دبایا نہیں جا سکتا، رہنماء اے این پی

جمعرات 11 ستمبر 2025 20:40

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی پختون قوم کی نمائندہ جماعت ہے اور وہ اپنی سرزمین پر دہشت گردی کو مزید برداشت نہیں کر سکتی۔ تحصیل کبل کے علاقے کالاکلے میں سابق ناظم اور وی ڈی سی ممبر جعفر خان کے اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ پختون سرزمین کو دوبارہ خون میں نہلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی کے ذریعے عوامی نیشنل پارٹی کو دبایا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جعفر خان کا قتل امن دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ "ہم امن کی سیاست کرتے ہیں، لیکن اگر ریاست نے دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے ٹیکے تو پختون قوم کبھی خاموش نہیں بیٹھے گی۔ عوامی نیشنل پارٹی شہدا کی وارث ہے اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔

ہم دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہیں اور آخری دم تک ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔اس موقع پر اے این پی کے مقامی قائدین اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے جعفر خان کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔