ةجعفرآباد ، ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈیرہ اللہ یار میں کھلی کچہری کا انعقاد

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:45

جعفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈیرہ اللہ یار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں عوام نے اپنے مسائل بلا جھجک پیش کیے اور مختلف محکموں سے متعلق شکایات تحریری و زبانی طور پر ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھیں۔سائلین کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ، گیس کی کمی، تعلیمی اداروں میں سہولیات کی عدم فراہمی، صحت، صاف پانی کی فراہمی، نکاس آب کے نظام اور صفائی ستھرائی کے مسائل سمیت دیگر کئی مسائل اجاگر کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر خالد خان نے تمام شہریوں کی شکایات فردا فردا سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کھلی کچہری کا مقصد یہی ہے کہ عوام اپنے مسائل براہ راست انتظامیہ کے سامنے رکھ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت ہمارا فرض ہے اور کسی بھی صورت میں عوامی مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنے محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جائے گا۔شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بناتے ہیں