خلیل الرحمن قمر نے فلم ’’لو گرو‘‘کو بری فلم قرار دیدیا

ایک اچھی فلم کے ناکام ہونے کا دکھ نہیں ہوتا، جتنا دکھ ایک فلاپ فلم کے ہٹ ہوجانے کا ہوتا ہے

جمعہ 12 ستمبر 2025 11:44

خلیل الرحمن قمر نے فلم ’’لو گرو‘‘کو بری فلم قرار دیدیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)معروف ڈراما و فلم ساز خلیل الرحمن قمر نے ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم لو گرو کو بری فلم قرار دے دیا۔لو گرو کو عید الاضحی پر ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے ریکارڈ کمائی کی تھی، فلم کو 25 کروڑ روپے کی لاگت میں تیار کیا گیا تھا اور اس کی شوٹنگ برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں بھی ہوئی تھی۔

فلم نے اپنے بجٹ سے تین گنا زیادہ کمائی کی تھی اور مبصرین نے بھی اس کی کہانی کو سراہا تھا لیکن خلیل الرحمن قمر نے اسے بری فلم قرار دے دیا۔خلیل الرحمن قمر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں لو گرو سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ وہ مذکورہ فلم پر مزید بات نہیں کرنا چاہتے۔ان کا کہنا تھا کہ مرحوم فلم ساز پرویز ملک نے کہا تھا کہ ایک اچھی فلم کے ناکام ہونے کا دکھ نہیں ہوتا، جتنا دکھ ایک فلاپ فلم کے ہٹ ہوجانے کا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

فلم ساز نے کہا کہ انہوں نے لو گرو مکمل نہیں دیکھی، انٹرویل کے بعد وہ فلم دیکھتے ہوئے اٹھ گئے تھے۔انہوں نے فلم کی کہانی اور اداکاری پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہانی، اداکاروں اور کرداروں پر بات نہیں کرنا چاہتے لیکن لو گرو بری فلم تھی۔ان کے مطابق انہیں فلم پسند نہیں آئی، ان کی نظر میں فلم بری تھی اور اس کی کیا وجوہات ہیں، وہ اس پر بات نہیں کرنا چاہتے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لو گرو کی ہدایات ندیم بیگ نے دی تھیں، جنہوں نے خلیل الرحمن قمر کی متعدد فلموں اور ڈراموں کی ہدایت کاری کی۔حال ہی میں نشر ہونے والے خلیل الرحمن قمر کے ڈرامے میں منٹو نہیں ہوں کی ہدایات بھی ندیم بیگ نے ہی دی ہیں۔خلیل الرحمن قمر نے لو گرو کی ہدایت کاری یا اداکاری پر تنقید کیے بغیر فلم کو برا قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے فلم مکمل نہیں دیکھی تھی۔