بار کونسلز کے امیدواروں کیلئے نئی اہلیت کیخلاف درخواست پر سماعت 16 ستمبر تک مہلت

جمعہ 12 ستمبر 2025 14:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی بار کونسلز کے امیدواروں کیلئے نئی اہلیت کے خلاف درخواست پر پنجاب بار کونسل کو جواب داخل کرانے کے لئے 16ستمبر تک مہلت دے دی۔جسٹس خالد اسحاق نے فہد اکرام بھٹی اور عمران فضل سمیت دیگر کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران جاری کیا۔ درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی بار کونسلز کے انتخابات قریب ہیں اور امیدوار کافی عرصے سے اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نئی اہلیت کے تقاضے متعارف کرانا نہ صرف غیرمنصفانہ ہے بلکہ اس کی کوئی قانونی یا اخلاقی بنیاد بھی موجود نہیں۔درخواست گزاروں کی جانب سے ستدعا کی گئی کہ انتخابی عمل میں مداخلت کرنے والی ان ترامیم کو کالعدم قرار دیا جائے تاکہ امیدوار اپنے قانونی اور آئینی حقوق کے مطابق انتخابات میں حصہ لے سکیں۔دوران سماعت پنجاب بار کونسل کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لئے مہلت طلب کی۔لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی بار کونسلز کے امیدواروں کے لئے متعارف کرائی گئی نئی اہلیت کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر پنجاب بار کونسل کو جواب داخل کرانے کے لئے مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16ستمبر تک ملتوی کردی۔