Live Updates

ملکی ترقی ، معاشرتی استحکام کے لئے این جی اوزکا فعال ، مثبت کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،چوہدری محمد شریف گھمن

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) ملکی ترقی اور معاشرتی استحکام کے لئے غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کا فعال اور مثبت کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ ادارے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر عوام کی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں میں بھرپور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد شریف گھمن نے آج ایک مقامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ این جی اوز تعلیم کے فروغ، صحت عامہ کی سہولیات میں اضافہ، غریب اور پسماندہ طبقات کی بحالی، معذور افراد کی کفالت اور خواتین کو ہنر مند بنانے کے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہیں، جس سے معاشرے میں بہتری اور عوامی سطح پر شعور اجاگر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد شریف گھمن نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے معاشرے کو نئے مسائل کا سامنا ہے جن میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی، معاشرتی ناہمواری اور ماحولیاتی خطرات نمایاں ہیں، اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے این جی اوز کو زیادہ مربوط حکمت عملی اپنانے، اپنی کارکردگی کو منظم کرنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ان اداروں کے ساتھ قریبی روابط استوار رکھنے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، تاہم ضروری ہے کہ یہ ادارے اپنے پروگرامز کی منصوبہ بندی اور وسائل کے استعمال میں شفافیت اور احتسابی عمل کو ترجیح دیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کے ثمرات براہ راست مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ہر اس ادارے کی حوصلہ افزائی کرے گا جو اپنی کارکردگی سے معاشرے میں حقیقی تبدیلی لا رہا ہے۔ اس موقع پر تقریب میں شریک سماجی رہنماؤں اور این جی اوز کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور عوامی تعاون کے ساتھ فلاحی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :