Live Updates

سیلاب متاثرین کے خوراک، علاج، پینے کے پانی اور رہائش کے مسائل فوری بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں،ڈپٹی کمشنرسرگودھا

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:41

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) تحصیل کوٹ مومن کے متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی اترنے لگا ہے اور زندگی ایک بار پھر معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔ کھیتوں اور کھلیانوں میں رکی ہوئی پانی کی جھیلیں خشک ہونا شروع ہو چکی ہیں، کچے گھروں میں دوبارہ چولہے جلنے لگے ہیں۔ تاہم متاثرہ خاندان اب بھی مشکلات سے دوچار ہیں اور انہیں خوراک، علاج اور رہائش کے مسائل درپیش ہیں۔

ان حالات میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی قیادت میں امدادی و بحالی سرگرمیاں دن رات جاری ہیں۔ ضلعی و تحصیل انتظامیہ، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک، تعلیم اور دیگر محکمے پوری طرح متحرک ہیں۔ سرکاری مشینری دن رات متاثرین کی خدمت میں مصروف ہے اور ڈپٹی کمشنر خود مختلف علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بوریانہ، کچا گھرنا، چک کھانہ اور طالب والا سمیت کئی دیہات میں تین وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہےجبکہ متاثرہ خاندانوں میں زائد راشن بیگ بھی گھر گھر پہنچائے گئے۔

محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیموں نے ایف آر سی مڈھ رانجھا اور مختلف دیہات میں جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے ویکسین فراہم کی گئی۔ جانوروں کی جان بچانا کسانوں کے لیے اس وقت انتہائی اہم ہے کیونکہ ان کی روزی روٹی کا دارومدار انہیں پر ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیموں نے چک سلمان اور دیگر مقامات پر میڈیکل کیمپ قائم کیے، مریضوں کو مفت طبی سہولتیں فراہم کیں اور انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں بھی شروع کر دیں تاکہ وبائی امراض کے خدشے کو ختم کیا جا سکے۔ ڈاکٹرز اور ماہرین کی خصوصی ٹیمیں بھی ان کیمپوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات