فرانس نے روسی سفیرکو طلب کرنے کا اعلان کردیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:28

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء)فرانس کے وزیرِ خارجہ ڑاں نوئل بارو نے کہا ہے کہ روس کی جانب سے پولینڈ کی فضائی حدود میں ڈرونز فائر کرنے کا واقعہ بالکل ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ روسی سفیر کو طلب کیا جائے گا تاکہ سخت احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔وزیرِ خارجہ نے ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ چاہے یہ اقدام دانستہ تھا یا حادثاتی، ’’یہ نہایت سنگین اور ناقابلِ قبول‘‘ ہے۔

ان کے بقول، ’’یہ روس کی جانب سے ہمیں خوفزدہ کرنے اور آزمانے کی حکمت عملی ہے۔

(جاری ہے)

پولینڈ اور نیٹو فورسز نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب متعدد ڈرونز مار گرائے تھے۔ پولینڈ نے اس واقعے کو ’’بے مثال اور دانستہ حملہ‘‘ قرار دیا جبکہ ماسکو نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ ڈرونز روسی تھے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ ڈرونز کی پولینڈ میں موجودگی ’’غلطی‘‘ سے ہوئی ہو۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اعلان کیا ہے کہ فرانس تین جنگی طیارے پولینڈ کی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے بھیجے گا، جن کا مقصد ڈرونز کو روکنا اور ضرورت پڑنے پر تباہ کرنا ہوگا۔ وزیرِ خارجہ بارو نے کہا کہ ’’دیگر ممالک بھی اس مشن میں شامل ہوں گے۔‘‘