توشہ خانہ ٹو، عمران خان اور بشری بی بی کی جلد سماعت و ٹرائل روکنے کی درخواست دائر

اپیل پر فیصلہ آنے سے پہلے اگر ٹرائل مکمل ہوگیا تو اپیل کا فائدہ ختم ہو جائے گا، درخواست میں موقف

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں ٹرائل رکوانے اور اپیل کی جلد سماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری کے ذریعے دائر اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے نومبر 2024ء میں بریت کی درخواست مسترد کی تھی جس کیخلاف 21جنوری 2025ء کو اپیل دائر کی گئی۔

(جاری ہے)

اپیل کی آخری سماعت 25اپریل کو ہوئی، اس کے بعد سے معاملہ زیر التوا ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اپیل میں تاخیر سے درخواست گزار کے بنیادی حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہے جب کہ ٹرائل کورٹ غیر معمولی تیزی سے کارروائی آگے بڑھا رہی ہے۔درخواست گزار کے مطابق اپیل پر فیصلہ آنے سے پہلے اگر ٹرائل مکمل ہوگیا تو اپیل کا فائدہ ختم ہو جائے گا۔ اسی لئے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اپیل کا فیصلہ ہونے تک ٹرائل روکا جائے۔