وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کا سینٹرل ویئر ہاؤس اور نیشنل ریسرچ انسٹیٹیوٹ فار فرٹیلیٹی کیئر کلفٹن کا دورہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں سینٹرل ویئر ہاؤس اور وفاقی وزارتِ صحت کے تحت قائم نیشنل ریسرچ انسٹیٹیوٹ فار فرٹیلیٹی کیئر کلفٹن کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارے صحت عامہ کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ عوام کو مؤثر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وفاقی وزیر کو اداروں کی موجودہ کارکردگی، بنیادی ڈھانچے، سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سید مصطفیٰ کمال نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، اسٹاف سے ملاقات کی اور اداروں کی مجموعی فعالیت کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ صحت ان اداروں کو ٹیلی میڈیسن، طبی تحقیق اور دیگر جدید منصوبہ جات کے ساتھ منسلک کرے گی تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات اُن کی دہلیز پر میسر آئیں۔

وفاقی وزیرِ صحت نے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ان اداروں کی استعداد کار میں مزید اضافہ ہوگا، جو ملک بھر میں طبی نظام کی بہتری کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری اور جوائنٹ سیکریٹریز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :