سیالکوٹ ، کاشتکاروں کو چنے کی فصل کی بہتر نشوونما کے لئے بروقت چھدرائی کرنے کی ہدایت

ہفتہ 13 ستمبر 2025 15:27

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ کے ترجمان نے چنےکے کاشتکاروں کو بروقت چھدرائی کی ہدایت کی ہے تاکہ فی ایکڑ زیادہ اور معیاری پیداوار حاصل کی جا سکے۔ ہفتہ کو انہوں نے کہا کہ فصل اگنے کے15دن کے اندر اندر چھدرائی کر کے زائد پودے نکال دیں ، تاکہ پودوں کو مناسب جگہ ملے اور وہ بہتر طریقے سے نشوونما پا سکیں،چھدرائی کے بعد قطاروں میں پودوں کا درمیانی فاصلہ 15 سینٹی میٹررکھنا فائدہ مند ہوتا ہے، جس سے فصل کو مطلوبہ غذائی اجزاحاصل کرنے میں آسانی ہوتی ہے اور پودے صحت مند رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اگر فصل اگنے کے وقت زمین میں نمی کم ہو تو چھدرائی کا عمل کچھ دن تاخیر سے بھی کیا جا سکتا ہے، کیونکہ اس حالت میں اگر چھدرائی جلدی کی جائے تو فصل پر سوکے کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چونکہ چنے کی فصل کو کم پانی درکار ہوتا ہے، اس لیے آبپاش علاقوں میں اگر بارش نہ ہو اور فصل مرجھانے لگے تو پھول آنے کے وقت معمولی پانی دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ فصل کو پہلا پانی بوائی کے 45 دن بعد اور دوسرا پانی پھول آنے کے مرحلے پر فراہم کریں تاکہ فصل کی پیداوار متاثر نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :