رائے ونڈ تھانے میں درخواست دینے آنے والا سائل سیوریج کے گندے پانی میں گرکر جاں بحق

ہفتہ 13 ستمبر 2025 19:59

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء) رائے ونڈ تھانے میں درخواست دینے آنے والا سائل 10روز سے کھڑے سیوریج کے گندے پانی میں گرکر جاں بحق ہو گیا ۔رائے ونڈ تھانہ سٹی کے عین سامنے سیوریج کا گندا پانی گزشتہ 10دنوں سے جمع ہے، جس نے سڑک کو ندی نالے میں تبدیل کر دیا ہے۔ سائلین اور راہگیر گندے پانی میں گر کر زخمی ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بابلیانہ کا رہائشی غلام نبی تھانہ سٹی میں درخواست دینے آیا جب سیوریج کے گندے پانی سے گزر رہا تھا تو اچانک گر کر بے ہوش ہوگیا جسے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملا جبکہ متعلقہ ادارے غفلت کی نیند سوئے ہوئے ہیں۔شہریوں کے مطابق متعدد بار شکایات کے باوجود میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کا عملہ موقع پر نہ پہنچا۔ بدبو اور تعفن سے علاقہ مکینوں کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔