چاغی ،نامعلوم افراد نے 84 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری آب نوشی سکیم کی پائپ لائن کو آگ لگا دی

ہفتہ 13 ستمبر 2025 20:20

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)تحصیل چاغی میں نامعلوم افراد نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے کو نشانہ بناتے ہوئے 84 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری آب نوشی اسکیم کی پائپ لائن کو آگ لگا دی۔ یہ منصوبہ تحصیل چاغی کے عوام کو گھروں تک صاف و شفاف پانی کی فراہمی کے لیے شروع کیا گیا تھا۔محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کے ایکسیئن کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے، جس سے علاقے کے ہزاروں افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پائپ لائن کو نقصان پہنچانا دراصل عوام دشمنی ہے، کیونکہ اس منصوبے کے ذریعے برسوں سے پینے کے پانی کی قلت کے شکار لوگوں کو سہولت ملنے والی تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے بعد یہ تخمینہ لگایا جا رہا ہے کہ منصوبے کو کتنا نقصان ہوا ہے منصوبے کی مرمت اور کام کو جلد دوبارہ شروع کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں پولیس حکام نے بتایا کہ پائپ لائن کو آگ لگانے کے واقعے کے بعد فوری طور پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملوث عناصر کی تلاش کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔مقامی لوگوں نے بھی اس افسوسناک واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ تحصیل چاغی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل تھا، جس کے ذریعے ان کے گھروں میں پہلی بار پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو رہی تھی۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص عوامی منصوبوں کو نقصان نہ پہنچا سکے۔