شاہ سلمان ریلیف، اردن اور یمن میں تعلیمی پراجیکٹس جاری

خواتین میں شرح خواندگی بڑھانے کیلئے شامی پناہ گزین کیمپ میں لیکچر کا اہتمام کیا گیا

اتوار 14 ستمبر 2025 14:20

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)سعودی عرب کے سب سے بڑے خیراتی ادارے شاہ سلمان ریلیف کی امدادی و فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں۔تعلیمی شعبے میں بھی شاہ سلمان ریلیف کے پراجیکٹس کئی ملکوں میں آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر شاہ سلمان ریلیف کی طرف سے اردن میں سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ،ہر سال8ستمبر کو خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر تقریبات و سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، خواتین میں شرح خواندگی بڑھانے کے سلسلے میں خواندگی کی اہمیت پر شامی پناہ گزینوں کے لیے قائم زاتاری کیمپ میں لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔

اس لیکچر کے ذریعے پڑھنے لکھنے کی اہمیت پر بات کی گئی کہ خواتین کی خواندگی کے ذریعے ترقی کے راستے کھلتے ہیں، خاندان مضبوط ہوتے ہیں اور معاشرہ کی تعمیر و ترقی ممکن ہوتی ہے۔شاہ سلمان ریلیف نے یمن کی حضرموت گورنری کے ضلع سیون میں 120 طلبہ میں سکول بیگ اور پڑھنے لکھنے کا سامان تقسیم کیا ۔اسسٹنٹ گورنر برائے امور وادی و صحرا انجینیئر ہشام السعید نے اس موقع پر سعودی عرب کے اقدام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا اس امر سے یمنی بچوں کے روشن مستقبل کے لیے سعودی عرب کے کردار کی عکاسی ہوتی ہے۔