این آئی اے نے انتخابات سے قبل بہار کے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے صدر کو گرفتار کرلیا

اتوار 14 ستمبر 2025 15:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے ’’این آئی اے‘‘ نے بہار میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی صدر کو گرفتار کرلیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بہار کے ضلع کٹیہار کے علاقے حسن گنج کے رہائشی محبوب عالم ندوی کو بھارتی پولیس نے کشن گنج سے گرفتار کیا۔ وہ پارٹی کے 19ویں مسلمان سیاسی رہنما ہیں جنہیں ایک جھوٹے کیس میں گرفتار کیا گیا ۔

یہ کیس ابتدائی طور پر مقامی پولیس نے 26افراد کے خلاف درج کیا تھا۔ بی جے پی حکومت نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر 28ستمبر 2022کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون’’ یو اے پی اے‘‘ کے تحت پانچ سال کے لیے پابندی عائد کررکھی ہے۔ پی ایف آئی کی بنیاد 2006میں کرناٹک فورم فار ڈگنٹی (کے ایف ڈی )اور نیشنل ڈیولپمنٹ فرنٹ (این ڈی ایف )کے انضمام کے ساتھ رکھی گئی تھی۔

(جاری ہے)

یہ پارٹی لوگوں میں بہت مقبول تھی اور ہندوتوا گروپوں اور ان کے نفرت انگیزاور مسلم دشمن نظریات کا مقابلہ کر رہی تھی۔ بھارتی ایجنسی نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی 56.56کروڑ روپے کی 35غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی ہیں۔بہار کے پارٹی سربراہ کے خلاف یہ مقدمہ 2022میںپٹنہ کے علاقے پھلواڑی شریف میں درج کیاگیاتھا جس میں الزام لگایاگیا ہے کہ یہ پارٹی بھارت میں اسلامی نظام قائم کرنے اورملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورقومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی سازش کررہی تھی۔

بہار قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اکتوبر یا نومبر 2025کو ہونے والے ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے ریاستی انتخابات میں کامیابی کے لئے مخالف سیاسی آوازوں کو دبانے کے لئے ہزاروں مسلمانوں کو گرفتار کر لیاہے جن میں طلبا، علمائے کرام، تاجر اور پی ایف آئی کے سیاسی رہنما شامل ہیں اورمحبوب عالم کی گرفتاری بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔