محکمہ زراعت پنجاب کے ہل فروٹ ریسرچ اسٹیشن مری اور شعبہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام ایواکاڈو فیسٹیول کا انعقاد

اتوار 14 ستمبر 2025 17:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ہل فروٹ ریسرچ سٹیشن مری اور شعبہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام ایووکیڈو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول کا مقصد کاشتکاروں کو اس پھل کی کاشت اور افادیت سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی مری کی سیاسی شخصیت راجہ عبداللہ اشفاق سرور تھے۔

انہوں نے خطاب میں کہا کہ ضلع مری میں ایواکاڈو کی کاشت کے وسیع امکانات موجود ہیں اور یہ فیسٹیول خوش آئند اقدام ہے۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن سید شاہد افتخار بخاری نے کہا کہ ایواکاڈو ایک انتہائی مفید پھل ہے جس کے کئی طبی فوائد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے خطہ پوٹھوہار سمیت ضلع مری کے لیے 7 ارب روپے کا ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پلان متعارف کروایا گیا ہے جس میں ایواکاڈو کی کاشت کو فروغ دینے کے اقدامات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم احمد نے کہا کہ کاشتکاروں کو ایووکیڈو کے صحیح النسل پودے فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ خطہ پوٹھوہار کے لیے ہائی ویلیو فروٹس کے ماڈل فارمز بھی قائم کیے جائیں گے۔ ہل فروٹ ریسرچ اسٹیشن مری کے پرنسپل سائنٹسٹ ڈاکٹر سید ضیاء الحسن، شعبہ توسیع مری کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد احمد اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔ فیسٹیول میں مختلف سٹالز سجائے گئے جن پر ایووکیڈو اور اس کی مصنوعات نمائش کے لیے رکھی گئیں۔