Live Updates

محکمہ لائیوسٹاک سیالکوٹ کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 33 ہزار سے زائد مویشیوں کی ویکسینیشن

پیر 15 ستمبر 2025 20:56

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک سیالکوٹ ڈاکٹر ظفر عباس نے کہاہے کہ ضلع بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں محکمہ لائیو سٹاک سیالکوٹ کی ٹیموں نے تاحال 33 ہزار 715 مویشیوں کی ویکسینیشن کی ہے جبکہ 63 ہزار 559 بیمار مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئی ہے۔یہ بات انہوں نے نے سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف کی نگرانی کرتے ہوئے بتائی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر تنویر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر ظفر عباس نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کا فیلڈ سٹاف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مکمل طور پر متحرک ہے اور موبائل ٹیمیں ڈور ٹو ڈور جاکر مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں اور کسی بھی طبی مدد کیلئے کسان اور مویشی پال خواتین و حضرات 9211 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ہلاک ہونے والے مویشیوں کا بھی ڈیٹا اکھٹا کیا جا رہا ہے اور تاحال 1052 مویشی سیلاب میں ہلاک ہو چکے ہیں اور محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں اس حوالے سے بھی ڈیٹا اکھٹا کر رہی ہیں اور تصدیق کے تمام ایس او پیز پر کے مطابق جانچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک سیالکوٹ کے سرویز کے مطابق سیالکوٹ ضلع میں مویشیوں کی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے زائد ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات