Live Updates

بارش سے متاثرہ عوام کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، بچو دیوان

سہراب گوٹھ ٹاون کے علاقے یوسی تھری اور فورسہراب گوٹھ، لاسی گوٹھ، سکھیا گوٹھ کے متاثرین کو کھانے کی فراہمی

پیر 15 ستمبر 2025 19:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)پاک مسلم الائنس دیوان کے چیئرمین بچو عبدالقادر دیوان نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں شہر کے مختلف نشیبی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، جن میں سہراب گوٹھ، لاسی گوٹھ، سکھیا گوٹھ، یوسی تھری اور یوسی فور سہراب گوٹھ ٹاون شامل ہیں۔ ان علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیاجس سے قیمتی گھریلو سامان تباہ و برباد ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کے بعد عوام کو بجلی کی فراہمی میں بھی رکاوٹوں کا سامنا رہا جبکہ گلیوں اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔اس مشکل گھڑی میں پاک مسلم الائنس نے متاثرین کی فوری امداد کا بیڑا اٹھایا۔ پارٹی کی جانب سے مختلف مقامات پر امدادی سرگرمیاں شروع کی گئیں، جن کے تحت متاثرہ خاندانوں کو پکا ہوا کھانا اور دیگر اشیائے ضرورت فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرہ علاقوں میں قائم عارضی کیمپوں کے ذریعے عوام تک سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں تاکہ وہ بارش اور سیلابی پانی کے اثرات سے جزوی طور پر محفوظ رہ سکیں۔پاک مسلم الائنس دیوان کے چیئرمین بچو عبدالقادر دیوان نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کارکنان اور رضاکاروں کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ گھروں میں جا کر براہِ راست مدد فراہم کریں اور کسی بھی متاثرہ خاندان کو بے سہارا نہ چھوڑیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خدمتِ خلق ہی اصل سیاست ہے اور یہی پارٹی کا مشن ہے کہ ہر دکھ درد میں عوام کے ساتھ کھڑے رہا جائے۔مقامی آبادی نے پاک مسلم الائنس کے اس اقدام کو بے حد سراہا اور کہا کہ مشکل وقت میں عملی امداد ہی اصل ہمدردی ہے۔ عوامی سطح پر اس خدمت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ اقدامات متاثرہ خاندانوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :