صوبے کے عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں، پیر مصور خان

پیر 15 ستمبر 2025 19:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تحصیل درگئی اور دیگر اضلاع سے آئے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل درگئی میں مختلف سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر کام تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل سے عوام کو معیاری اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ اس موقع پر لوگوں نے اپنے مسائل معاون خصوصی کے سامنے پیش کیےجن میں سے بعض مسائل موقع پر ہی حل کیے گئے جبکہ بعض دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی پیر مصور خان نے کہا کہ تحصیل درگئی بالخصوص حلقہ پی کے 24 میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر کام جاری ہے۔

خانوڑی تا گاوزہ روڈ حالیہ بارشوں میں شدید متاثر ہوئی تھی جس کی بحالی پر عملی کام شروع ہوچکا ہے۔اسی طرح ہریانکوٹ تا درگئی بڑھ غاخے کوٹ روڈ کی تعمیر کے لیے دو کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبہ منظور ہوچکا ہے اور اس کا ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے لوگوں کو آمدورفت میں بڑی سہولت میسر آئی گی۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ملاکنڈ میں تعلیم کے فروغ کے لیے بھی اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔