کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے وارڈ 8 کے ضمنی الیکشن کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں

پیر 15 ستمبر 2025 19:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے وارڈ 8 کے ضمنی الیکشن کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ سابق وائس پریذیڈنٹ حافظ حسین احمد ملک کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست پر ان کے بیٹے ملک عبدالصمد حسین کو مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ ملنے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وارڈ 8 کے ضمنی الیکشن 5 اکتوبر کو ہوں گے۔

ترجمان کینٹ بورڈ نے بتایا کہ 9 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔ امیدواروں میں ملک عبدالصمد حسین، زاہد حسین، ملک آغا بابر خان، ملک عبداللہ، عثمان مرشد، ملک سفیر احمد، چوہدری فیاض ہمایوں، ملک عبدالکریم اور زمرد سلطان شامل ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 ستمبر تک مکمل کی جائے گی جس کے بعد منظور شدہ امیدواروں کی فہرست جاری ہو گی۔

(جاری ہے)

امیدواروں کو کاغذات کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے 17 سے 19 ستمبر تک کا وقت دیا گیا ہے جنہیں 22 ستمبر تک نمٹا دیا جائے گا۔ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور امیدواروں کی حتمی فہرست 24 ستمبر کو جاری کی جائے گی۔ ریٹرننگ آفیسر ارشد خان اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر ناصر کمال انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔ نتائج کا باضابطہ اعلان 7 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ اعداد و شمار کے مطابق وارڈ 8 میں کل ووٹرز کی تعداد 34 ہزار 92 ہے جن میں 17 ہزار 134 مرد اور 16 ہزار 958 خواتین شامل ہیں۔ ضمنی انتخاب کے لیے 26 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جہاں مردوں کے لیے 40 اور خواتین کے لیے 37 پولنگ بوتھ مختص کیے گئے ہیں۔