پشاور، پریزائیڈنگ افسران کو نوٹس کا اجرا، الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو خط لکھ دیا

تیمور سلیم جھگڑا کے حلقے میں دھاندلی پر اینٹی کرپشن انکوائری غیر آئینی و غیر قانونی ،الیکشن کمیشن ،الیکشن ٹربیونل کے کام میں مداخلت ہے ، متن

پیر 15 ستمبر 2025 22:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کی جانب سے پشاور میں پریزائیڈنگ افسران کو نوٹس جاری ہونے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کو خط تحریر کردیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ تیمور سلیم جھگڑا کے حلقے میں مبینہ دھاندلی پر اینٹی کرپشن انکوائری غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، اینٹی کرپشن کی انکوائری الیکشن کمیشن اور الیکشن ٹربیونل کے کام میں مداخلت ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے خط کے مطابق پی کے 79کے امیدوار تیمور سلیم جھگڑا کا کیس الیکشن ٹربیونل میں زیرسماعت ہے، الیکشن ٹربیونل بدعنوانی سمیت دیگر الزامات کو دیکھنے کا مجاز ہے۔ الیکشن کمیشن کے خط کے مطابق پریزائیڈنگ افسران الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی کام کرتیہیں۔ الیکشن کمیشن کے خط کے مطابق پریزائیڈنگ افسران کے خلاف جاری نوٹس واپس لئے جائیں، نوٹس واپس نہ لئے گئے تو ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اور دیگر افسران کوذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے گا۔