وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات، دونوں رہنمائوں کی قطر کے ساتھ اظہار یکجہتی

پیر 15 ستمبر 2025 22:40

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہنگامی عرب اسلامی سربراہ اجلاسکے موقع پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے 9 ستمبر کو قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

دونوں رہنمائوں نے قطر کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیل کی جانب سے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کو غیر ذمہ دارانہ اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔وزیراعظم نے اس مشکل مرحلے پر مصر کی فعال سفارت کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ دوحہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس مسلم دنیا کے اتحاد کے مظاہرے کے لیے ایک اہم قدم ہے تاکہ اسرائیل کو اس کے رویے پر جوابدہ بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے گزشتہ برس دسمبر میں قاہرہ میں ڈی-8 اجلاس کے دوران مصری صدر سے اپنی ملاقات اور رواں سال عید کے موقع پر ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے مصر کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں باہم رابطے میں رہیں گے۔